پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے افیئر پر شویتا تیواری کا بیان سامنے آگیا

پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے افیئر پر شویتا تیواری کا بیان سامنے آگیا

نئی دہلی ۔بھارتی اداکارہ شویتا تیواری نے ایک انٹرویو میں اپنی بیٹی پلک تیواری اور سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کے درمیان تعلقات کی افواہوں پر اپنی رائے دی ہے۔

پلک تیواری اور ابراہیم علی خان کے درمیان تعلقات کی خبریں کافی عرصے سے زیر گردش ہیں، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب شویتا تیواری نے اس موضوع پر کوئی بیان دیا ہے۔

اداکارہ شویتا تیواری نے ٹی وی انڈسٹری میں کامیابی کے ساتھ شاندار سفر طے کیا، اور ایک سنگل ماں کی حیثیت سے اپنی بیٹی پلک کی پرورش میں بھی مشکلات کا سامنا کیا۔ شویتا کو اپنے شوبز کیریئر کی ابتداء سے ہی افواہوں اور ٹرولنگ کا سامنا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی بیٹی کو ٹرول کرتے ہوئے دیکھ کر خوفزدہ ہوجاتی ہیں۔

ایک خصوصی گفتگو میں شویتا نے پلک تیواری کے تعلقات اور ڈیٹنگ کی افواہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سننے کو ملتا ہے کہ ’’میری بیٹی ہر تیسرے شخص کو ڈیٹ کر رہی ہے، اور میں ہر سال شادی کر رہی ہوں۔‘‘

پلک کے تعلقات کے حوالے سے افواہوں پر گفتگو کرتے ہوئے شویتا نے کہا، ’’افواہیں اب مجھے پریشان نہیں کرتیں۔ ان تمام سالوں میں، میں نے یہ سیکھا ہے کہ لوگوں کی یادداشت صرف چار گھنٹے تک رہتی ہے، پھر وہ افواہیں بھول جاتے ہیں، تو پھر کیوں پریشان ہوں؟‘‘

شویتا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’’افواہوں کے مطابق تو میں پہلے ہی تین بار شادی کر چکی ہوں، لیکن یہ باتیں اب مجھے متاثر نہیں کرتیں۔ یہ باتیں تب اثر کرتیں تھیں جب سوشل میڈیا اتنا نہیں تھا اور کچھ صحافی آپ کے بارے میں اچھی باتیں نہیں لکھنا چاہتے تھے، کیونکہ منفی خبریں زیادہ بکتی ہیں۔ لیکن اس دور کا سامنا کرنے کے بعد ان باتوں کا اب مجھ پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔‘‘

شویتا نے سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے بارے میں بھی کہا، ’’میرے دور میں سوشل میڈیا اتنا نہیں تھا، اس لیے میں نہیں جانتی تھی کہ ٹرولنگ سے کیسے نمٹا جائے، لیکن میری بیٹی نے سب سے پہلے یہ سیکھا کہ ٹرولنگ کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔ میں نے پلک کو ٹرولنگ سے نمٹتے ہوئے دیکھا اور میں نے اس سے بہت کچھ سیکھا ہے۔‘‘