لاہور۔معروف اداکارہ یشما گل کی بہن عروبہ گل کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے، اور ان کی سنگیت نائٹ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ویڈیوز میں یشما گل، ہانیہ عامر، دنانیر مبین، کومل میر اور دیگر اداکاراؤں کو مختلف گانوں پر ڈانس کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ہانیہ عامر نے اس موقع پر خوبصورت سلور اور نیلے رنگ کی چولی اور لہنگا زیب تن کیا ہے، جبکہ دنانیر مبین سبز رنگ کے لباس میں ملبوس ہو کر بھرپور انداز میں ڈانس کر رہی ہیں۔
یہ بھی واضح ہے کہ یشما گل نے 2 جنوری کو اپنی بہن عروبہ کے نکاح اور شادی کی دوسری تقریبات کی ویڈیوز اور تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ نکاح کی تقریب میں اداکارہ یشما گل کے خاندان اور شوبز انڈسٹری سے قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
عروبہ کے سنگیت کی تقریب میں کنزہ ہاشمی، ندا یاسر، صبور علی، علی انصاری، عمران اشرف، سونیا حسین، منشا پاشا، وجاہت رؤف اور دیگر بڑے پاکستانی ستارے بھی شریک ہوئے جنہوں نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
شادی کی تقریب کی ڈانس ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی مختلف رائے سامنے آئی۔ بعض نے ان کی تعریف کی، جبکہ کچھ افراد نے ان کے ڈانس اور لباس کے انتخاب کو نامناسب قرار دیتے ہوئے تنقید کی۔