لاہور میں معروف قوال کے فارم ہاؤس پر ڈکیتی، اہلیہ نے فائرنگ کر کے ملزمان کو بھگادیا

لاہور۔ تھانہ ہیئر کے علاقے بیدیاں روڈ پر معروف قوال شہزاد خان سنتو کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی، جس میں مسلح افراد نے سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر مال لوٹ لیا اور فرار ہوگئے۔

تین ڈاکوؤں نے قوال شہزاد خان سنتو کے فارم ہاؤس میں گھس کر سیکیورٹی گارڈ کو رسیوں سے باندھ دیا۔ واردات کے وقت فارم ہاؤس پر شہزاد خان سنتو کی اہلیہ اور بچے بھی موجود تھے۔

قوال کے مطابق، ڈکیتی کی واردات دیکھ کر شہزاد خان سنتو کی اہلیہ نے واش روم میں چھپ کر فائرنگ کی جس کے بعد ڈاکو فرار ہوگئے، تاہم انہوں نے سیکیورٹی گارڈ سے نقدی اور موبائل فون چھین کر لے لیا۔

پولیس کی ٹیم فوراً شہزاد خان سنتو کے فارم ہاؤس پہنچی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے، اس کے بعد اہلیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایس پی کینٹ اویس شفیق نے کہا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر ذرائع سے تلاش کیا جا رہا ہے۔ فوزیہ شہزاد کی مدعیت میں تین نامعلوم ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس پی کینٹ نے ایس ڈی پی او برکی غلام دستگیر خان کو ہدایت دی کہ وہ ملزمان کو فوراً ٹریس کر کے گرفتار کریں اور یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کی گرفتاری جلد ممکن ہو گی۔