لاہور۔پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف فنکار جان ریمبو نے حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران ازدواجی تعلقات کے مسائل پر اپنی رائے دی، جو سوشل میڈیا پر بحث و مباحثے کا باعث بن گئی۔
ریمبو کا کہنا تھا کہ میاں بیوی کے جھگڑوں میں اس وقت مسئلہ شدت اختیار کرتا ہے جب دونوں ایک ساتھ غصے میں آجائیں۔ ان کا مشورہ یہ تھا کہ جب آپ کی اہلیہ ناراض ہوں اور غصے میں ہوں، تو آپ خاموش رہیں۔
یہ بات شاید کچھ لوگوں کو دانشمندانہ لگی ہو، لیکن ریمبو نے اپنی بات یہیں ختم نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا، “پانچ منٹ کے اندر وہ خود معافی مانگنے آئے گی اور ساتھ چائے بھی لائے گی۔”
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شوہر بھی بیوی کی طرح چیخنے لگے تو اس کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں۔ اگر آپ بھی شور مچائیں گے تو بیوی اپنی والدہ کو فون کرے گی، اور پھر اس کی ماں آپ کے گھر پہنچ جائے گی۔
اداکار کے اس بیان کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ریمبو نے اپنے مشورے میں خواتین کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے ازدواجی مسائل کو یک طرفہ انداز میں پیش کیا ہے۔