اروشی روٹیلا کی وائرل باتھ روم ویڈیو، اداکارہ نے حیران کن انکشاف کر دیا

نئی دہلی ۔مشہور اداکارہ اروشی روٹیلا نے حالیہ دنوں میں اپنی وائرل باتھ روم ویڈیو کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی فلم ‘گھسپیٹیا’ کا ایک سین تھا، جسے پروڈیوسرز کی درخواست پر جاری کیا گیا تھا۔ یہ ویڈیو 2024 میں سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوئی تھی۔

اروشی نے بالی وڈ ببل کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا، “پروڈیوسرز شدید مالی مشکلات کا سامنا کر رہے تھے اور انہیں قرضوں کے باعث اپنی زمین تک فروخت کرنی پڑی۔ وہ بہت مشکل حالات میں تھے اور اس صورتحال میں انہوں نے ہماری ٹیم سے اجازت مانگی کہ کیا اس سین کو پہلے وائرل کیا جا سکتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، “یہ صرف فلم کا ایک عام سین تھا اور اس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں تھی۔ پروڈیوسرز نے اس سین کو فلم کی تشہیر کے لیے استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی تاکہ فلم کی مقبولیت بڑھے۔ یہ ایک طرح سے لڑکیوں کے لیے بھی ایک وارننگ تھی کہ وہ محتاط رہیں۔”