لاہور۔معروف اداکارہ اور میزبان متھیرا نے سوشل میڈیا اسٹار چاہت فتح علی خان کی جانب سے ان کی وڈیو بغیر اجازت شیئر کرنے پر سخت ردعمل دیا ہے۔ متھیرا نے کہا کہ بولڈ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی ان کی حدود کو پار کرے یا ان کے ذاتی وقار کو نقصان پہنچائے۔
متھیرا نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو کے حوالے سے وضاحت دی کہ یہ وڈیو ان کے شو کے کیمروں سے نہیں بنائی گئی بلکہ چاہت فتح علی خان نے بغیر اجازت کسی اور زاویے سے وڈیو بنائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور میزبان، وہ ہمیشہ اپنے مہمانوں کو عزت دیتی ہیں، لیکن اس طرح کی حرکت ناقابل قبول اور غیر اخلاقی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ یہ واقعہ ان کے لیے ذاتی طور پر تکلیف دہ ہے کیونکہ وہ ایسی حرکتیں پسند نہیں کرتیں اور نہ ہی یہ ان کی شخصیت کا حصہ ہیں۔ متھیرا نے مزید کہا کہ وہ بے باک ہیں، لیکن اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ کوئی بھی ان کی حدود کی پروا نہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ چاہت فتح علی خان نے وڈیو ہٹانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، جس سے ان کی مایوسی اور بڑھ گئی۔ متھیرا نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ شہرت کے لیے ایسی حرکتیں کرتے ہیں جو اخلاقی حدود سے باہر ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں چاہت فتح علی خان کو متھیرا کے ساتھ غیر ضروری قربت کا مظاہرہ کرتے دیکھا گیا ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی مختلف آراء کا اظہار کیا ہے۔