کراچی (شوز رپورٹر ) اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، پولیس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایس پی کلفٹن عمران جاگیرانی تحقیقاتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، کمیٹی میں ایس ڈی پی او ڈیفنس، اے ایس پی، ایس ایچ او گزری اور دیگر بھی شامل ہیں ، نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیم اداکارہ حمیرا اصغر کی موت، حادثے، خودکشی یا قتل سے متعلق شواہد جمع کرے گی، ٹیم روزانہ کی بنیاد پر ایس ایس پی ساؤتھ کو تفتیش سے متعلق آگاہ کرے گی۔
واضح رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں ایک فلیٹ سے ملی، وہ گزشتہ 7 سال سے اس کرائے کے فلیٹ میں مقیم تھیں، اداکارہ 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں ، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق خاتون فلیٹ میں 7 سال سے اکیلی رہ رہی تھیں، 2018ء میں فلیٹ کرائے پر لیا تھا اور وہ 2024ء سے کرایہ نہیں دے رہی تھیں ، کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں مالک مکان نے کیس کیا تھا، بیلف آیا تو دروازہ بند تھا، دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا تو کمرے میں زمین پر خاتون کی لاش پڑی تھی۔