بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کی اہلیہ و اداکارہ کرینہ کپور پر بھی حملے کا انکشاف

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر قاتلانہ حملے کے بعد ان کی اہلیہ و اداکارہ کرینہ کپور پر بھی حملے کا انکشاف ہوا ہے ، بالی وڈ اداکار اور سکیورٹی ایجنسی کے سربراہ رونت رائے نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ سیف علی خان کے ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اداکارہ کرینہ خود سے ہی ڈر گئی تھیں ، انہوں نے بتایا کہ جب سیف علی خان کو ہسپتال سے گھر لے جایا جا رہا تھا تو اس دوران عوام کا کافی رش اور میڈیا موجود تھا جبکہ اداکارہ دوسری گاڑی میں ہسپتال سے گھر جارہی تھیں کہ ان کی گاڑی پر معمولی حملہ ہوا جس کی وجہ سے کرینہ خوفزدہ ہوگئی تھیں۔

رونت رائے نے وضاحت کرتے ہوئے مزید بتایا کہ چونکہ میڈیا اور عوام بہت قریب تھے، جس وجہ سے ان کی گاڑی کو تھوڑا سا جھٹکا لگا، جس سے وہ ڈر گئیں اور فوراً گھر لےجانے کو کہا، جس پر میں انہیں گھر لے گیا جہاں پہلے ہی سکیورٹی اور پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ، یاد رہے کہ 16 جنوری 2025 کی رات 3 بجے ممبئی کے علاقے باندرا میں سیف علی خان کے گھر میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی، جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا تھا ،اس دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ بھی کیا گیا، جس سے انہیں 6 زخم آئے تھے، ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب لگا تھا ، اداکار کو فوری طور پر رکشہ کے ذریعے ہسپتال لے جایا گیا، جہاں آپریشن کے بعد ان کی ریڑھ کی ہڈی سے 2.5 انچ کا چاقو کا ٹکڑا نکالا گیا تھا۔