اداکارہ اروشی روٹیلا کا زیورات سے بھرا بیگ لندن سے چوری

ممبئی (ماینٹرنگ ڈیسک)ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ اروشی روٹیلا نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا قیمتی زیورات سے بھرا ہوا بیگ لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ سے چوری ہو گیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اروشی نے بتایا کہ وہ وِمبلڈن ٹینس ایونٹ میں شرکت کے لیے لندن گئی تھیں اور وطن واپسی کے دوران ایئرپورٹ سے ان کا بیگ لاپتہ ہو گیا اداکارہ نے سخت سیکیورٹی کے باوجود اس طرح بیگ کے غائب ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے نہ صرف اپنے بیگ اور پرواز کی تفصیلات شیئر کیں بلکہ فوری ایکشن لینے کی اپیل بھی کی۔ اروشی کے مطابق اس بیگ میں تقریباً 70 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے قیمتی زیورات موجود تھے، جو ان کے لیے خاص اہمیت رکھتے تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ اس واقعے سے نہایت افسردہ اور پریشان ہیں، اور امید کرتی ہیں کہ متعلقہ حکام سنجیدگی سے معاملے کو دیکھیں گے اور بیگ کی بازیابی ممکن بنائیں گے یہ پہلا موقع نہیں کہ اروشی کو قیمتی سامان کے نقصان کا سامنا ہوا ہو۔ اس سے قبل 2023 میں بھی انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا 24 قیراط سونے سے بنا ہوا آئی فون احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں گم ہو گیا تھا، تاہم وہ فون بھی تلاش نہ ہو سکا۔اروشی روٹیلا کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو سوشل میڈیا پر خاصی سرگرم ہیں اور اپنے مداحوں سے رابطے میں رہتی ہیں۔ ان کے اس تازہ انکشاف پر بھی مداحوں نے اظہارِ افسوس کیا ہے۔