ماڈل ازبیا خان کو تاریخی وزیر خان مسجد میں فوٹو شوٹ کروانا مہنگا پڑگیا۔پولیس نے ماڈل اور فوٹو گرافر کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (شوبز رپورٹر ) ماڈل ازبیا خان کو تاریخی وزیر خان مسجد میں فوٹو شوٹ کروانا مہنگا پڑگیا۔پولیس نے ماڈل اور فوٹو گرافر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تفصیلات کے مطابق ایف آئی آر لاہور کے اکبری گیٹ تھانے میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی (WCLA) کے افسر محمد اویس کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں میں ازبیا خان نامی ماڈل اور فوٹو گرافر زین شاہ کو نامزد کیا گیا ہے ایف آئی آر میں ماڈل ازبیا خان اور فوٹوگرافر زین شاہ کو نامزد کیا گیا ہے، جن پر الزام ہے کہ انہوں نے مسجد کی حرمت کی خلاف ورزی کی۔

محمد اویس کا کہنا ہے کہ ماڈل ازبیا خا ن نے 13 اگست کو مسجد کے احاطے میں نامناسب لباس میں ویڈیو ریکارڈ کی تھی اور اس کے لیے کوئی پیشگی اجازت بھی نہیں لی گئی تھی، واقعہ منظرِ عام پر آنے کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مدعی نے ملزمان کے ایڈرس یا رابطہ تفصیلات فراہم نہیں کیں، نہ ہی ان کے ناموں کی تصدیق ہوسکی ہے، تاہم مسجد انتظامیہ کے تحفظات اور حکام کی ہدایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹریس اور گرفتار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ اگست 2020 میں بھی وزیر خان مسجد میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے خلاف میوزک ویڈیو کی شوٹنگ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا جسے مسجد کی حرمت کی خلاف ورزی قرار دیا گیا تھا۔