معروف پنجابی اداکار جسوندر سنگھ بھلا انتقال کرگئے

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجابی فلم انڈسٹری کے معروف کامیڈین اور اداکار جسوندر سنگھ بھلّا 22 اگست 2025 کو انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 65 برس تھی۔ ان کے انتقال سےبھارتی پنجابی انڈسٹری ایک ایسے فنکار سے محروم ہوگئی ہے جس نے کامیڈی کو اپنے منفرد انداز اور حقیقت سے جڑے مکالموں کے ذریعے نئی شناخت دی۔

ابتدائی زندگی
جسوندر بھلّا کی پیدائش پنجاب میں ہوئی۔ ان کی شریکِ حیات پرمدیپ کور چندی گڑھ میں فائن آرٹس کی استاد ہیں، جبکہ ان کے بیٹے پکھراج سنگھ بھلّا بھی اداکاری کے میدان میں قدم جما چکے ہیں اور اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے شہرت حاصل کر رہے ہیں۔

فنی سفر
جسوندر بھلّا نے اپنے شاندار کیریئر کا آغاز 1988 میں کامیڈی البم چھنکاتا 88 سے کیا۔ فلمی دنیا میں انہیں پہلا بڑا موقع فلم دُلا بھٹی میں ملا، جس کے بعد انہوں نے اپنی فنکاری سے شائقین کو مسحور کر دیا۔

اسٹیج اور عالمی کامیابیاں
بھلّا صرف فلموں تک محدود نہیں رہے بلکہ اسٹیج پر بھی اپنی مزاحیہ ٹائمنگ اور مکالموں سے چھا گئے۔ ان کا مشہور اسٹیج شو Naughty Baba in Town کینیڈا اور آسٹریلیا میں پیش کیا گیا، جہاں پنجابی ڈائسپورا نے انہیں بے پناہ سراہا۔

یادگار فلمیں اور کردار
انہوں نے متعدد سپر ہٹ پنجابی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے جن میں کیری آن جٹّا میں ایڈووکیٹ ڈھلّوں کا کردار ان کی پہچان بن گیا۔ اسی طرح جٹ اینڈ جولیٹ، کپتاں، ویاہ 70 کلومیٹر، بھاجی ان پرابلم، منجھےبسترے اور سجن سنگھ رنگروٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

منفرد پہچان
جسوندر بھلّا کے مکالموں میں پنجابی سماج کی جھلک اور معاشرتی مسائل پر طنز نمایاں ہوتا تھا۔ ان کا فن صرف ہنسانے کے لیے نہیں بلکہ سوچنے پر بھی مجبور کرتا تھا۔ ان کی وفات پر فلمی دنیا کے فنکاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جسوندر بھلّا ہمیشہ پنجابی کلچر اور کامیڈی کے نمائندہ کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔