سیلاب کے بعد سجاد علی کے گانے ’راوی‘ پر صارفین کے دلچسپ تبصرے

لاہور (شوبز رپورٹر ) شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے جہاں پنجاب کے کئی علاقوں کو متاثر کیا ہے، وہیں سوشل میڈیا صارفین نے اس کڑی حقیقت کو ہلکے پھلکے انداز میں بیان کرتے ہوئے معروف گلوکار سجاد علی کے گانے ’راوی‘ کو موضوعِ گفتگو بنا لیا ہے گانے کا مشہور بول ’راوی وچ پانی کوئی نہیں‘ سیلابی صورتحال کے تناظر میں تیزی سے وائرل ہو رہا ہے صارفین طنزیہ تبصرے کرتے ہوئے سوال کر رہے ہیں کہ گلوکار سجاد علی نے تو کہا تھا کہ راوی میں پانی نہیں، لیکن اب تو پانی گھروں اور بیڈ رومز تک پہنچ گیا ہے۔

کچھ صارفین کے مطابق یہ گانا 2025 میں زیادہ وائرل ہو رہا ہے، جبکہ بعض نے مزاحیہ تبصرہ کیا کہ ’آ گیا راوی وچ پانی، اب سکون ہے‘ اسی دوران ایک پیروڈی گانا بھی وائرل ہوا ہے جس کے الفاظ ہیں ’ راوی وچ پانی بہت اے، تے ایدے کول جانا موت ہے‘، جو صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے ، واضح رہے کہ رواں سال ہونے والی شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان میں سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس نے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو بری طرح متاثر کیا ہے، اب تک صوبے میں 20 لاکھ سے زائد افراد متاثر، جبکہ 41 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

گزشتہ دنوں دریائے راوی میں سیلاب آنے سے دریا کے کنارے آباد ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پانی داخل ہوگیا، جہاں متعدد گھر زیرِ آب آگئے، متاثرہ رہائشی سوشل میڈیا پر اپنے گھروں کی حالت کی ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔