ممبئی ( مانیٹرنگ ڈیسک )بالی ووڈ کے لیجنڈری نغمہ نگار سمیر انجان نے ایک پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ بالی وُڈ اسٹار سلمان خان اپنی فلم تیرے نام (2003) کی شوٹنگ کے دوران اکثر رو پڑتے تھے۔ اس کی وجہ ان کا ایشوریا رائے کے ساتھ ایک سال قبل ہوا بریک اپ تھا، جس نے انہیں اندر سے توڑ دیا تھا سمیر انجان نے بتایا کہ فلم کا ٹائٹل سونگ سلمان خان کے لیے الگ اہمیت کا حامل بن گیا تھا۔ اگرچہ اسے خاص سلمان خان کے لیے نہیں لکھا گیا تھا لیکن اس میں سلمان خان کو اپنا درد چھپا ہوا محسوس ہوتا تھا۔
وہ ہر شوٹ سے پہلے موسیقار ہیمیش ریشمیا کو بلاتے اور ان سے یہ گانا سننے کے بعد خوب روتے اور پھر اپنا سین مکمل کرواتے تھے سمیر انجان کا کہنا تھا کہ سلمان کو خاص طور پر گانے کی لائن ”کیوں کسی کو وفا کے بدلے وفا نہیں ملتی“ میں اپنے ذاتی درد کی پرچھائی نظر آتی تھی۔ ان کے مطابق، سلمان چاہتے تھے کہ یہ گانا ایشوریا تک پہنچے تاکہ وہ ان کے دکھ کو محسوس کر سکیں۔ جس کی تکلیف کا اندازہ ان کے بہتے آنسووں سے بخوبی لگایا جاسکتا تھا۔
فلم’’تیرے نام“ میں سلمان نے ایک ٹوٹے ہوئے اور پاگل پن کی حد تک محبت کرنے والے عاشق کا کردار ادا کیا، جو حقیقت میں ان کی ذاتی زندگی کے حالات سے جڑا ہوا محسوس ہوتا تھا۔ ناظرین نے بھی اس کردار کو بے حد پسند کیا اور یہ فلم سلمان کے کیریئر کا ایک اہم موڑ بنی سلمان خان اور ایشوریا رائے کی ملاقات 1999 میں ”ہم دل دے چکے صنم“ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ فلم میں ان کی جوڑی اتنی کامیاب رہی کہ حقیقی زندگی میں بھی دونوں کے درمیان رومانس شروع ہوگیا ، 2002 تک یہ رشتہ ختم ہوگیا، جس کے بعد یہ جوڑی بالی ووڈ کی تاریخ کی سب سے زیادہ مشہور ہونے والی عشقیہ کہانیوں میں شامل ہو گئی۔