لاہور(شوبز رپورٹر )پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ ہانیہ عامر کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں امریکہ کے شہر ہیوسٹن کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مداحوں نے ان کی جلد صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر نیک خواہشات اور دعاؤں کے پیغامات بھیجنا شروع کر دیے ہیں ذرائع کے مطابق ہانیہ عامر کی طبیعت گزشتہ شب اچانک بگڑ گئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال میں داخلے کے دوران لی گئی ان کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں وہ کافی کمزور اور تھکن زدہ نظر آرہی تھیں۔
ہانیہ عامر حال ہی میں ہیوسٹن میں ہونے والے ہم ایوارڈز 2025 میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہیں شاندار کارکردگی کے اعتراف میں گلوبل اسٹار ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوارڈ تقریب کے دوران ایک ویڈیو کلپ بھی سامنے آیا تھا، جس میں وہ مداحوں کے درمیان کچھ غیر آرام دہ حالت میں دکھائی دی تھیں، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کیا اداکارہ کی مینجمنٹ ٹیم نے تاحال ان کی صحت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر کو معمولی تھکن اور بخار کے باعث اسپتال میں رکھا گیا ہے اور وہ جلد مکمل صحت یاب ہو جائیں گی واضح رہے کہ ہانیہ عامر پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکارہ ہیں، جن کے انسٹاگرام پر 19 ملین سے زائد فالوورز موجود ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں بھارتی اداکار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ پنجابی فلم ”سردار جی 3“ میں کام کیا، جس نے نہ صرف سرحد کے آر پار دھوم مچائی بلکہ ان کی بین الاقوامی شہرت میں بھی اضافہ کیا۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر “#GetWellSoonHania” کے ہیش ٹیگ کے ساتھ ان کی صحت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے، جب کہ شوبز شخصیات نے بھی دعا کی ہے کہ وہ جلد اپنے مداحوں کے درمیان واپس آئیں۔