اسلام آباد(شوبز رپورٹر ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر کو یو این ویمن پاکستان کی نیشنل گڈ وِل ایمبیسیڈر مقرر کردیا گیا، اداکارہ نے ایم او یو پر دستخط کردئیے پاکستان کی مقبول ترین اداکارہ ہانیہ عامر نے خواتین اور بچیوں کی آواز بننے کا عزم ظاہر کیا، یو این ویمن کے نمائندے نے ہانیہ عامر کی خدمات کو سراہا، معروف سماجی کارکن منیبہ مزاری کے بعد ہانیہ عامر کو یہ اعزاز دیا گیا ہے یو این ویمن پاکستان اور ہانیہ عامر نے نئی شراکت کا آغاز کر دیا، معاہدے کے تحت خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے، ڈیجیٹل شمولیت اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے پروگرام ترتیب دیے گئے۔
یادداشت پر دستخط کی تقریب میں یو این ویمن کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے، تقریب میں پاکستان اور یو این کے پرچم لہرا کر شراکت داری کا اظہار کیا گیا ہانیہ عامر کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، خواتین کے لیے برابری اور بااختیار بنانا میری ترجیح ہے ہر لڑکی کو اپنے خواب پورے کرنے کا حق ملنا چاہیے اداکارہ کے سوشل میڈیا پر انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 1 کروڑ 90 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جس کے باعث وہ پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بن چکی ہیں ہانیہ عامر پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی سب سے نمایاں شخصیات میں شامل ہیں، یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی تیزی سے مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔