پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔تیسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا تھا، جواب میں پوری مہمان ٹیم 38 ویں اوور میں 216 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اس طرح یہ میچ پاکستان نے 53 رنز سے اپنے نام کرلیا، ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین 60 رنز بناکر نمایاں رہے۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں پر 269 رنز بنائے تھے۔
میچ کے دوران تیز گرد آلود ہواؤں کے باعث کچھ دیر کے لیے کھیل کو روکا بھی گیا جس کے بعد میچ کو 48، 48 اوورز تک محدود کردیا گیا ہے۔پاکستان کی جانب سے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آل راؤنڈر شاداب خان نے کیریئر بیسٹ 86 رنز بنائے۔ان کے علاوہ نوجوان اوپنر بلے باز امام الحق نے اپنی اچھی کارکردگی کا سلسلہ تیسرے میچ میں بھی جاری رکھا اور 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔اس کے علاوہ اوپنر فخر زمان نے 35 اور خوشدل شاہ نے 34 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ک نکولس پوران نے 48 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ کیمو پال نے 57 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی جانب سے 23 سالہ فاسٹ باؤلر شاہنواز دہانی نے ون ڈے ڈیبیو کیا۔پاکستان ٹیم میں کپتان بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد حارث، محمد رضوان، خوشدل شاہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ محمد نواز، شاداب خان، محمد وسیم جونیئر، حسن علی، شاہنواز دہانی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔ویسٹ انڈیزکی ٹیم میں کپتان نکولس پوران ، شائی ہوپ، شمارہا بروکس بروکس،عقیل حسین، کائل میئرز، روومین پاول، کیسی کارٹی، جیڈن سیلز، کیمو پال، روماریو شیفرڈ، ہیڈن والش جونیئر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔