پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بیٹر شان مسعود نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے رواں سیزن میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے، وہ اس سال یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پلیئر ہیں جبکہ انہوں نے اس سال پروفیشنل کرکٹ میں دو ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ہیں۔
کاؤنٹی چیمپئن شپ 2022 میں شان مسعود ڈربی شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، سسکس کیخلاف میچ کی پہلی اننگز میں انہوں نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور اس چیمپئن شپ سیزن میں ایک ہزار رنز مکمل کرلیے۔
انہوں نے کاؤنٹی چیمپئن شپ کی 12 اننگز میں1037 رنز بنائے ہیں۔ جس میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں بھی شامل ہیں ۔
اس کے ساتھ شان مسعود نے اس سال پروفیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں مجموعی طور پر 2 ہزار رنز مکمل کرلیے، شان مسعود نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 1037 جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 994 رنز بنائے۔ اس سال انہوں نے لسٹ اے کا کوئی میچ نہیں کھیلا۔
یوں اس سال مجموعی طور پر 37 پروفیشنل اننگز کھیل کر ، جس میں 12 فرسٹ کلاس اور 25 ٹی ٹوئنٹی اننگز شامل ہیں، شان مسعود نے مجموعی طور پر 2031 رنز بنائے ہیں۔ شان ایک کلینڈر سال میں 2 ہزار پروفیشنل رنز بنانے والے چوتھے پاکستانی ہیں۔
اس سے قبل محمد یوسف، سعید انور، انضمام الحق اور بابر اعظم سال میں دو ہزار پروفیشنل رنز کرچکے ہیں، یوسف نے تین مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا۔