کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی ویمنز ٹیم نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز نے بھارتی ویمنز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کافیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوسکا۔
کامن ویلتھ گیمز کے ویمنزٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں بارش کے سبب میچ 18 ، 18 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 18 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنائے جواب میں بھارٹی ٹیم نے 100 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 12 ویں اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا۔
پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا اور اسے دوسرے ہی اوور میں نقصان اٹھاناپڑا، ارم جاوید صفر کے اسکور پر بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئیں، پاکستانی ٹیم کی وکٹیں یکے بعد دیگرے گرتی رہیں، منیبہ علی 32 ، عالیہ ریاض 18 اور بسمہ معروف 17 رنزبنا کر نمایاں رہیں۔
ان کے علاوہ عمیمہ سیہل اور عائشہ نسیم نے 10 ، 10، فاطمہ ثناء 8 ، کائنات امتیاز 2 اور طوبیٰ حسن ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئیں، ارم جاوید اور ڈیانا بیگ صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کی پوری ٹیم 18 ویں اوورکی آخری گیند پر 99 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں بھارتی ٹیم نے 100 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 38 گیندیں قبل حاصل کرلیا۔بھارتی بیٹر سمرتی مندھانہ نے 63 رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی۔پاکستان کی جانب سے عمیمہ اور طوبیٰ نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔