مقبوضہ کشمیر میں طلبا پر پاک بھارت میچ گروپ کی شکل میں دیکھنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر نے طلباکو گروپس کی شکل میں ایشیا کپ کا پاک بھارت میچ دیکھنے سے روک دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طلبا پر میچ کے حوالے سے کوئی چیز سوشل میڈیا پر لگانے پر بھی پابندی ہوگی۔
طلبا سے کہا گیا ہے کہ وہ میچ کے دوران اپنے اپنے مخصوص کمروں میں رہیں، طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس کو ایک گیم کے طور پر لیں، انسٹیوٹ یا ہوسٹل میں بدنظمی کا مظاہرہ نہ کریں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گروپ کی شکل میں کسی کمرے میں میچ دیکھنے کی صورت میں اس کمرے کی الاٹ منٹ ختم کر دی جائے گی، گروپ میں میچ دیکھنے پر 5 ہزار روپے جرمانہ بھی ہو گا۔نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے میچ کے بعد طلبا کو ہاسٹل کے کمروں سے نکلنے سے بھی منع کر دیا ہے۔