قومی ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑیوں نے ٹیم سے فوری طور پر الگ ہونے کے لیے اپنے استعفے ہاکی فیڈریشن کو بھجوا دیے۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے عماد شکیل بٹ اور مبشر علی نے ٹیم سے الگ ہونے کے لیے اپنے استعفے ہاکی فیڈریشن کو بھجوا دیے ہیں۔
عماد شکیل بٹ نے اپنے استعفے میں لکھا کہ 2013 سے قومی ہاکی ٹیم کا حصہ رہا اور 10 سال میں 145 میچز میں پاکستان نمائندگی کی جو میرے لیے ایک اعزاز ہے، اپنے سینئرز اور کوچز سے بہت کچھ سیکھا، موقع دینے پر سب کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری بدقسمتی ہےکہ میں نے فوری طور پر پاکستان ہاکی ٹیم سے استعفی دیا ہے، یہ آسان فیصلہ نہیں لیکن فیملی صورتحال کی وجہ سے یہ قدم اٹھانا پڑا، اب اپنی فیملی کی سپورٹ کے لیے مواقع تلاش کروں گا۔
عماد شکیل بٹ نے استعفے میں لکھا کہ کھلاڑیوں کو کچھ عرصے سے مالی مشکلات کا سامنا رہا ہے، میں نے بین الاقوامی کمٹمنٹس کی ہیں اب میں انہیں پورا کروں گا۔
قومی ہاکی ٹیم کے مشبر علی نے اپنے استعفے میں لکھا کہ 2017 سے قومی ٹیم کی طرف سے کھیلنا اعزاز ہے، بیرون ملک سے کئی آفرز ملتی رہیں لیکن ملک کو ترجیح دی۔
مبشر علی نے مزید کہا کہ معاشی سکیورٹی چاہیے جو موجودہ حالات میں ممکن نہیں ہے اس لیے فوری طور پر پاکستان ٹیم سے استعفیٰ دے رہا ہوں