انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے راولپنڈی اسٹیڈیم کی پچ کو اوسط سے بھی کم قرار دے دیا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پنڈی ٹیسٹ میں کئی بیٹنگ ریکارڈز بنے، اس اسٹیڈیم کے 2 ڈی میرٹ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ڈی میرٹ پوائنٹس پانچ برس تک برقرار رہیں گے اور مزید ڈی میرٹ پوائنٹس پر پنڈی وینیو کی میزبانی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔آئی سی سی کا کہنا ہےکہ 5 ڈی میرٹ پوائنٹس پروینیو کو 12 ماہ کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کے لیے معطل کردیا جائے گا۔
آئی سی سی میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے پنڈی وینیو کی پچ کا فیصلہ سنایا جب کہ پنڈی اسٹیڈیم کی پچ کو مسلسل دوسری بار اوسط سےکم درجےکی قرار دیا گیا ہے۔واضح رہےکہ راولپنڈی ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پہلے دن500 سے زیادہ رنز بنائے تھے جب کہ اس ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی۔اس کے علاوہ پنڈی اسٹیڈیم کی پچ کو لےکر سابق کرکٹر اور کرکٹ ماہرین نے سوالات اٹھائے تھے جب کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے بھی پچ پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔