پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں تاریخی شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے 27ویں میچ میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 39 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 58 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، ٹوم کوہلر نے 38، محمد حارث نے 35 اور عظمت اللہ عمرزئی نے 16 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عباس آفریدی نے 4 اوورز میں 39 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انور علی اور اسامہ میر ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔جواب میں ملتان سلطانز کے بیٹرز نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا، رلی روسو نے 51 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 121 رنز بنائے، روسو نے 41 بالز پر سنچری بنا کر پی ایس ایل تاریخ میں تیز ترین سنچری کا اپنا ریکارڈ بھی توڑ دیا، 2020ء میں رلی رسو نے 44 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 8 میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں اب تک اپنے 8 میچز میں سے 4، 4 میچز جیت چکی ہیں تاہم بہتر رن ریٹ کے باعث پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز کی ٹیم تیسرے جبکہ پشاور زلمی چوتھے نمبر پر ہے۔