ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغازآج جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔
بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ، 20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
ایونٹ کا دوسرا میچ اگلے روز پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین کھیلا جائے گاجبکہ تیسرے روز ٹورنامنٹ کا پہلا ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ جہاں ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں دن کی روشنی میں جبکہ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں رات کوبرقی قمقموں کی روشنی میں مدمقابل آئیں گی۔
ایڈیشن 2018 سے لاہور قلندرز کا حصہ بننے والے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی لیگ کے ساتویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ سرفراز احمد مسلسل ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اب تک ایچ بی ایل پی ایس ایل کا کوئی میچ نہیں چھوڑا۔ایونٹ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان جبکہ پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کریں گے۔
ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فاتحین کی گزشتہ چھ سالہ تاریخ پر رقم ڈالی جائے تو لیگ کا افتتاحی ایڈیشن 2016 میں کھیلا گیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے جیتا۔دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی ٹھہری۔ تیسرے ایڈیشن میں ایک مرتبہ پھر اسلام آباد یونائیٹڈ نے فتح سمیٹی۔ ایڈیشن 2019 کی فاتح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، 2020 کی کراچی کنگز رہی جبکہ ملتان سلطانز ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں آئی سی سی کی تازہ ترین پلیئنگ کنڈیشنز لاگو کی ہیں: جس کے تحت فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30-یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔اس کے علاوہ کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ نہیں رکے گا۔
پاکستان میں بسنے والے کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔ اسی طرح مشرق وسطی اور شمالی افریقہ میں موجود فینز اتصالات، کیریبین سرزمین میں فلو اسپورٹس ، نیوزی لینڈ میں اسکائی این زیڈ ، برطانیہ میں اسکائی اسپورٹس ،آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس، پاکستان کے علاوہ پورے جنوبی ایشیا ء میں سونی ، سب صحارا افریقہ میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کی نشریات براہ راست دیکھ سکیں گے۔