سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی مہمان نوازی کو نہ بھول سکے۔سوشل میڈیا پر وریندر سہواگ کا ایک انٹرویو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وریندر سہواگ میزبان کو بتارہے ہیں کہ پاکستان دورے کے بعد ان کی شادی طے تھی جس کے لیے میں نے پاکستان سے ہی کچھ لیڈیز سوٹ اور لیڈیز سینڈلز کی خریداری کا پلان بنایا۔
سہواگ کے مطابق، جب میں بھارت واپسی سے پہلے لاہور میں سکیورٹی کے ساتھ خریداری کرنے مارکیٹ میں گیا تو ایک دکان سے میں نے 30 سے 35 سوٹ خریدے،ساتھ ہی جوتیاں بھی خریدیں اور جب پیسے دینے کی باری آئے تو دکاندار نے پیسے لینے سے انکار کردیا۔سابق کرکٹر نے بتایا کہ دکاندار نے یہ کہہ کر مجھ سے پیسے لینے سے انکار کردیا کہ آپ میرے مہمان ہیں ہم آپ سے کیسے پیسے لے سکتے ہیں جس پر میں نے دکاندار کو کہا مجھے ایک دو سوٹ فری میں دے دو لیکن مجھے 30 سے 35 لینے ہیں مگر دکاندار نہیں مانگا اور اس نے تمام سوٹ مجھے فری میں دیے۔ واضح رہے کہ وریندر سہواگ نے 2004 میں شادی کی تھی اس سے قبل 2003 -2004 کے دوران بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔