آسٹریلیا نے انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد برمنگھم ٹیسٹ میں انگلینڈ کو دو وکٹ سے ہرا دیا،281 رنز کے تعاقب میں پیٹ کمنز اور نیتھن لیون نے نویں وکٹ پر 55 رنز کی ناقابل شکست شراکت لگائی اور اپنی ٹیم کو ایشیز سیریز میں ایک صفر کی برتری دلا دی۔
برمنگھم میں ٹیسٹ کے آخری دن پہلا سیشن بارش کی نذر ہوگیا، دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے 281 رنز کے تعاقب میں 107رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی۔
پہلے انگلش بولرز حاوی آ گئے، بولینڈ کو براڈ نے آؤٹ کیا، معین علی نے ٹریوس ہیڈ کو چلتا کیا، ایسے میں عثمان خواجہ آسٹریلیا کی امید بنے رہے، پہلے کیمرون گرین نے ان کا ساتھ دیا۔
رابنسن نے گرین کو آؤٹ کر دیا، پھر ایلکس کیری آئے لیکن دوسرے اینڈ پر کھڑے عثمان خواجہ کو بین اسٹوکس نے بولڈ کر دیا وہ 65 رنز بنا سکے۔
ایلکس کیری 20 رنز بنا کر جوروٹ کا شکار بن گئے، اب آسٹریلیا کو جیت کے لیے 54 رنز اور انگلینڈ کو صرف 2 وکٹیں درکار تھیں۔
پیٹ کیمنز اور نیتھن لیون کریز پر ڈٹ گئے، کپتان کمینز نے چھکے چوکے بھی لگائے، دونوں نے نویں وکٹ پر 55رنز کی ناقابل شکست شراکت لگائی اور آسٹریلیا کو دو وکٹ سے فتح دلا دی۔
کیمنز 44 اور نیتھن لیون 16رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، پانچ ٹیسٹ کی سیریز میں آسٹریلیا کو ایک صفر کی برتری مل گئی۔