بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بورڈ آف گورنرز کے نوٹی فیکشن کو معطل کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات 17 جولائی تک روکنے کا حکم دے دیا۔بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ کے جج چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس عامر نواز رانا نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سابق رکن گل محمد کاکڑ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔
سماعت کے دوران درخواست گزار گل محمد کاکڑ نے مؤقف اختیار کیا کہ آئینی درخواست 22 جون کوپی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے نوٹیفیکشن کے خلاف دائرکی گئی تھی جس میں بورڈ آف گورنرز نے چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو کرنا ہے۔درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 22 جون کا نوٹی فیکیشن پی سی بی کے آئین کے خلاف ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظورکرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم صادر کیا۔اس کے علاوہ عدالت عالیہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے انعقاد کے خلاف حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تاحکم ثانی پی سی بی کے چیئرمین کے انتخاب سے روک دیا۔