آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر میچ میں زمبابوے نے امریکا کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی جب کہ نیدر لینڈز نے ویسٹ انڈیز کو ہرادیا۔
ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کوالیفائر کے 17ویں میچ میں زمبابوے کے 409 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 25.1 اوورز میں 104 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوین کپتان سین ولیمز نے امریکی بائولرز کا بھرکس نکالتے ہوئے 174 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
کوالیفائر میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 408 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، کپتان سین ولیمز نے محض 65 بالوں پر اپنی سنچری مکمل کی، وہ 174 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 21 چوکے شامل ہیں۔
اوپنرز جوائے لینڈ گمبی نے 78 اور انوسینٹ کایا نے 32 رنز بنائے اور ریان برل نے 16 بالوں پر 47 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، امریکا کے بائولر ابھیشیک پراڈکر نے 3، جیسی سنگھ نے 2 اور نوستھوش نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
زمبایوے کے 409 رنز کے بڑے ٹوٹل کے جواب میں امریکا کی ٹیم 25.1 اوور میں 104 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئی، ابھیشیک نے 24 ، جسی سنگھ نے 21 رنز اور گجانند سنگھ نے 13 رنز بنائے جب کہ ان کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
زمبابوین باؤلرز رچرڈ انگاراوا اور سکندر رضا نے دو دو، بریڈ ایوانس، لیون جونگوے اور ریان برل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، اس طرح زمبابوے نے امریکا کو 304 رنز کے بڑے مارجن سے شکست سے دوچار کردیا جو کہ ون ڈے انٹرنیشنل کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے دوسری بڑی فتح ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کوالیفائر میں زمبابوین ٹیم ابھی تک چار میچوں میں ناقابل شکست ہے۔
دوسر جانب نیدر لینڈز نے سپر اوور میں دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو شکست دی، سپر اوور میں 30 رنز کے ہدف کے جواب میں ویسٹ انڈیز نے آٹھ رنز پر دو وکٹیں گنوا دیں اور نیدر لینڈز نے میچ اپنے نام کرلیا۔
نیدر لینڈز اور زمبابوے دونوں کے ہاتھوں شکست کے بعد دو بار کے ورلڈ کپ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کی امیدیں ماند پڑھ رہی ہیں۔
لوگن وین بیک نے ون ڈے سپر اوور میں 30 رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں ویسٹ انڈیز نےنیدر لینڈز کو 375 کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم ہدف برابر کرنے میں کامیاب رہی تھی جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔