پی سی بی کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کا اعلان، ذکا اشرف چیئرمین تعینات

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی نئی مینجمنٹ کمیٹی کا اعلان کردیا گیا ہے اور اس نئی کمیٹی کا چیئرمین ذکا اشرف کو تعینات کیا گیا ہے۔

ذکا اشرف کی زیر سربراہی کام کرنے والی یہ نئی مینجمنٹ کمیٹی اگلے چار ماہ تک عبوری بنیادوں پر بورڈ کے امور انجام دے گی۔

نئی مینجمنٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف اور وزیر اعظم شریف کی منظوری سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور کی نگرانی کرے گی اور جلد ہی آنے والے دنوں میں اس سلسلے میں چند اہم تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

مینجمنٹ کمیٹی 10 اراکین پر مشتمل ہے جس میں کلیم اللہ خان، اشفاق اختر، مصدق اسلام، عظمت پرویز، ظہیر عباس، خرم سومرو، خواجہ ندیم، مصطفیٰ رمدے اور ذوالفقار ملک شامل ہیں۔

نئی مینجمنٹ کمیٹی کے اعلان کے ساتھ ساتھ بورڈ کے چیف الیکشن کمشنر کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور احمد شہزاد فاروق رانا کی جگہ محمود اقبال اب نئے چیف الیکشن کمشنر کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔

نئی مینجمنٹ آج جمعرات کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ہیڈکوارٹر میں پہلی میٹنگ بھی کرے گی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل تین جولائی کو چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے حوالے سے حکم امتناع کو ختم کردیا تھا۔

نئے پی سی بی چیئرمین کے انتخاب کے لیے الیکشن 27 جون کو ہونا تھا لیکن بلوچستان ہائی کورٹ سمیت مختلف عدالتوں کے حکم امتناع کے سبب الیکشن کو ملتوی کردیا گیا تھا۔