سری لنکا نے اینجلو میتھیوز اور دھننجیا ڈی سلوا کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار انداز میں واپسی کرتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنا لیے ہیں۔
گال میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، سری لنکن کپتان دمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیتا اور بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے دوسرے ہی اوور میں نشان مدھشکا چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور اس کامیابی کے ساتھ ہی شاہین نے ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل بھی عبور کر لیا۔
کپتان دمتھ کرونارتنے اور کوشل مینڈس نے اسکور کو 22 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین نے ایک اور شکار کرتے ہوئے مینڈس کی 12 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ 53 کے مجموعی اسکور پر کرونارتنے بھی 29 رنز بنا کر چلتے بنے۔
ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ نسیم شاہ نے بھی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے تجربہ کار دنیش چندیمل کو کپتان بابر اعظم کی مدد سے قابو کر لیا۔
پہلے ہی سیشن میں 54 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکن ٹیم شدید مشکلات سے دوچار تھی اور اس مرحلے پر میدان میں میتھیوز کا ساتھ دینے دھننجیا ڈی سلوا آئے۔
دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ناصرف کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی بلکہ اگلے سیشن میں بھی جم کر کھیلتے ہوئے پاکستان کو وکٹ لینے سے باز رکھا۔
دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 131 رنز جوڑے لیکن چائے کے وقفے سے چند لمحے قبل میتھیوز 64 رنز بنانے کے بعد ابرار احمد کو وکٹ دے بیٹھے۔
دوسرے اینڈ سے ڈی سلوا نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز سدیرا وکراما کے ساتھ مل کر اسکور کو 226 تک پہنچا دیا لیکن اس مرحلے پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے باعث میچ کو روکنا پڑا گیا۔
جب بارش کی وجہ سے کھیل روکا گیا تو سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے تھے۔