پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دومیچوں کی سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 166 رنز پر آؤٹ کردیا جبکہ جواب میں عبداللہ شفیق اور شان مسعود کی نصف سنچریوں کی بدولت دو وکٹوں پر 145 رنز بنالیے۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان نے پہلے ہی روز سری لنکا کی پٌوری ٹیم آؤٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق 13 کے اسکور پر صرف 6 رنز بنا کر اسیتھا فرنانڈو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پٌہلی وکٹ جلد گرنے کے بعد عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے ایک اچھی شراکت قائم کی اور دونوں بلے بازوں نے 108 رنز کی اچھی شراکت کے دوران اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
شان مسعود نے 47 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیلی اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اسیتھا فرنانڈو کی دوسری وکٹ بن گئے۔
عبداللہ شفیق کا ساتھ دینے کے لیے کپتان بابراعظم میدان میں اترے اور دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ گرنے نہیں دی۔
کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو پاکستان نے پہلی اننگز میں دو وکٹوں پر 145 رنز بنائے تھے اور سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 21 رنز درکار تھے۔
عبداللہ شفیق 74 اور کپتان بابراعظم 8 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔
سری لنکن اوپنر نشان مدوشکا 4 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کوشل مینڈس 6 رنز بنا کر پویلین لوٹے، ان کے علاوہ انجیلو میتھیوز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد کپتان دیموتھ کرونارتنے 17 رنز بنا سکے، اس موقع پر سری لنکا کے مجموعی طور پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنائے تھے۔
اس کے بعد چندیمل اور ڈی سلوا نے پانچویں وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کرکے سری لنکا کا مجموعی اسکور 121 رنز پر پہنچا دیا، تاہم نسیم شاہ نے دنیش چندیمل کو امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا دیا اور پاکستان کے لیے خطرناک نظر آنے والی شراکت داری کو توڑ دیا۔
سری لنکا کو چھٹا نقصان سدیرا سمارا وکرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جو ابرار احمد کا شکار بنے، اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا بھی 57 رنز بنا کر ابرار احمد کی باؤلنگ پر سعود شکیل کو کیچ دے بیٹھے۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 136 رنز پر گری جب شان مسعود نے پربت جے سوریا کو رن آؤٹ کر دیا، اس کے بعد اسیتھا فرنینڈو کو بھی ابرار احمد نے بولڈ کر دیا۔
مہمان ٹیم کی آخری وکٹ 166 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب رمیش مینڈس 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 69 رنز کے عوض 4 اور نسیم شاہ نے 41 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے ایک سری لنکن بلے باز کو پویلین بھیجا۔
قبل ازیں سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔