ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور کوریا کے درمیان مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہوگیا، پاکستان ٹیم نے گول کرنے کے کئی یقینی مواقع ضائع کیے جس کے بعد پاکستان ٹیم ایونٹ میں اب تک کوئی کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
بھارت کے شہر چنئی کے میئر رادھا کرشنا اسٹیڈیم میں ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا میچ پاکستان اور دفاعی چیمپئن کوریا کے درمیان کھیلا گیا۔
ابتدائی5 منٹ میں پاکستان ٹیم نے گول کرنے کے 2 آسان موقعے ضائع کیے، پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جبکہ دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے عبدالحنان نے گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی۔ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد کوریا نے تیسرے کوارٹر میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی لیکن گول نہ کرسکی، 53 ویں منٹ میں جیون ینگ نے پنالٹی اسٹروک کے ذریعے گول کرکے میچ 1-1 سے برابر کردیا۔
میچ کے اختتام پر پاکستان کو گول کرنے کا ایک اور موقع ملا جس سے ٹیم فائدہ نہ اٹھا سکی اور میچ ایک ایک سے برابر رہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایونٹ کے پہلے میچ میں ملائیشیا نے پاکستان کو شکست دے تھی۔
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کل آرام کا دن ہے، پاکستان تیسرا میچ 6 اگست کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔