ناروے کپ فٹبال ٹورنامنٹ، فائنل میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ ٹیم شکست

پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ناروے کپ میں رنر اپ رہی، فائنل میں پاکستان کو ناروے کے سولا ایف کے نے پنالٹی شوٹ آؤٹس پر شکست دے کر انڈر 17 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔اوسلو میں ہونے والے ناروے کپ کے انڈر 17 ایونٹ کے فائنل میں پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم اور ناروے کے سولا ایف کے کے درمیان زبردست مقابلہ ہوا۔

ناروے نے پہلے برتری حاصل کی مگر طفیل شنواری نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا، فیصلہ کن وقت تک مقابلہ ایک ایک سے برابر رہا،10 منٹ کے اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ پر بھی دونوں ٹیموں نے ابتدائی 8 شوٹس پر کامیابی سے گول کیے۔

پاکستان کی جانب سے پنالٹی پر پہلا گول عابد، دوسرا احمد رضا، تیسرا علی آصف، چوتھا عبید خان، پانچواں طفیل شنواری، چھٹا فیصل احمد، ساتواں محمد علی اور آٹھواں ایک بار پھر عابد نے اسکور کیا تاہم نویں شوٹ پر کے سولا ایف کے نے تو گول کردیا لیکن پاکستانی پلیئر گیند کو جال کی راہ نہ دکھا سکے یوں فائنل میں پاکستان کو 9 کے مقابلے 10 گول سے شکست ہوئی۔

پاکستان نے اس سے قبل ٹورنامنٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے ہر کسی کی توجہ حاصل کرلی تھی تاہم فائنل میں قسمت نے پاکستان کا ساتھ نہ دیا۔