پالی کیلے(سی این پی)پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ بارش کی نذر ہوگیا ،دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا ۔
ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں ایشان کشن اور ہردک پانڈیا کی سنچری شراکت کے باوجود پاکستانی فاسٹ باؤلرز کے سامنے بھارتی ٹیم 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو فتح کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا ہے لیکن بارش کے سبب پاکستان کی اننگز کا آغاز تاخیر کا شکار ہے۔
قبل ازیں سری لنکا کے شہر کینڈی میں ایشیا کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان کی جانب سے باؤلنگ کا آغاز شاہین شاہ آفریدی نے کیا اور ابتدائی اوورز میں بھارتی بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں آغاز کرتے ہوئے چار اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی،تاہم اس موقع پر میچ میں بارش نے مداخلت کردی جس کے سبب آدھے گھنٹے سے زائد تک کھیلا رکا رہا۔
میچ دوبارہ شروع ہوا تو شاہین شاہ آفریدی زیادہ بہتر ردھم میں نظر آئے اور تیسری ہی گیند پر شاہین نے بھارتی کپتان روہت شرما کو بولڈ کردیا،شاہین آفریدی نے نپی تلی باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے اگلے اوور کی تیسری گیند پر ویرات کوہلی کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو دوسری کامیاب دلائی۔
حارث رؤف کو باؤلنگ پر متعارف کرایا گیا تو شریاس آئیر نے ان کا استقبال دو چکے لگا کر کیا لیکن اگلے اوور میں فاسٹ باؤلر نے اس کا بدلہ انہیں پویلین رخصت کر کے کیا اور بھارتی ٹیم 10 اوورز میں 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوا بیٹھی تھی۔
شبمن گل پوری اننگز کے دوران جدوجہد کرتے نظر آئے اور بالآخر ان کی 32 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کی حارث رؤف کے ہاتھوں ہی اختتام کو پہنچی اور بھارت کو 66 رنزپر چوتھا نقصان پہنچا،نوجوان بلے باز ایشان کشن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا،دونوں کھلاڑیوں نے دباؤ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لیے 138 رنز کی شاندار شراکت قائم کی لیکن حارث رؤف نے ایک مرتبہ پھر ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ایشان کشن کو چلتا کردیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 82 رنز کی اننگز کھیلی۔
ہردک پانڈیا نے دوسرے اینڈ سے دھواں دھار بیٹنگ جاری رکھی اور حارث رؤف کو ایک اوور میں تین چوکے لگائے جس سے ایسا محسوس ہونے لگا کہ وہ اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب رہیں گے لیکن شاہین شاہ آفریدی نے 87 رنز پر ان کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا
روایندرا جدیجا سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہو سکی اور وہ بھی صرف 14 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے شردل ٹھاکر کا بھی کام تمام کردیا،کلدیپ یادو اور جسپریت بمراہ نے اسکور کو 261 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر اسپنر وکٹ کیپر کو کیچ دے پویلین لوٹ گئے،بمراہ نے نسیم شاہ کو چوکا لگایا اور اگلی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے،بھارت کی پوری ٹیم 266 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جبکہ حارث رؤف اور نسیم شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔