ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ: افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے ہرادیا

نئی دہلی(سی این پی) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پہلا اپ سیٹ، افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 69 رنز سے شکست دیکر تاریخ رقم کردی۔افغانستان کے 285 رنز کے تعاقب میں انگلش ٹیم 40.3 اوورز میں 215 رنز بناسکی۔ انگلینڈ کی طرف سے ہیری بروک نے 66 رنز بنائے تاہم انکے علاوہ کوئی بھی بلے باز افغان بولرز کے آگے جم کر نہ کھیل سکا۔ مجیب الرحمان مین آف دی میچ قرار پائے۔انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد افغانستان کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے پوائنٹس ٹیبل میں چھٹی پوزیشن پر آگئی جبکہ انگلینڈ پانچویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیمیں ٹورنامنٹ کے تین تین میچز کھیل چکی ہیں جس میں دونوں کو دو، دو میں شکست اور ایک ایک میچ میں کامیابی ملی ہے تاہم رن ریٹ کے باعث انگلینڈ پانچویں اور افغانستان چھٹے نمبر پر ہے۔

ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ دوسرے اوور میں 3 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب جونی برسٹو 2 رنز بناکر فضل الحق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ساتویں اوور میں 33 کے مجموعی اسکور پر جو روٹ 11 رنز بناکر مجیب الرحمان کا شکار بنے۔ تیرہویں اوور میں 68 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ ملان 32 رنز بناکر محمد نبی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔کپتان جوز بٹلر 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جنہیں نوین الحق نے آؤٹ کیا۔ لیام لیونگ اسٹون 10 ، سیم کرن 10 اور کرس ووکس 9 رنز بناسکے۔ ہیری بروک 66 ، عادل رشید 20 اور مارک ووڈ 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ ریس ٹوپلی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمان اور راشد خان نے 3، 3، محمد نبی نے 2، فضل الحق فاروقی اور نوین الحق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔دہلی کے ارون جیٹلی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 49.5 اوورز میں 284 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، افغان اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 114 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔تاہم ابراہیم زادران 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، محض 8 رنز کے اضافے سے افغان بیٹرز نے 2 وکٹیں مزید گنوائیں، رحمت شاہ 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان حشمت اللہ شاہدی محض 14، عظمت اللہ عمرزئی 19، محمد نبی 9، راشد خان 23، مجیب الرحمان 28 رنز بناسکے۔افغان اوپنر رحمان اللہ گرباز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور انگلش بولرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے 58 گیندوں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 80 جبکہ اکرام علی خیل نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید نے 3، مارک ووڈ نے 2 جبکہ لیام لیونگسٹون، ریس ٹوپلی اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔