راولپنڈی(سی این پی)بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں بھارت ،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں سیمی فائنل کوالیفائی پوزیشن میں آگئی ہیں تاہم سیمی فائنل کے لئے چوتھی پاکستان یا آسٹریلیا ہوگی ،پاکستان کو اگلے چاروں میچ جیتنے ہوںگے ۔افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات معدوم ضرور ہوگئے ہیں لیکن ختم نہیں ہوئے۔ٹورنامنٹ میں پاکستان اب تک اپنے پانچ گروپ میچ کھیل چکا ہے جس میں اُسے دو میں فتح ملی اور تین میں شکست ہوئی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔
بظاہر بھارت، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی سیمی فائنل میں جگہ پکی نظر آتی ہے تاہم چوتھی کوالیفائنگ پوزیشن کے لیے اصل مقابلہ پاکستان اور آسٹریلیا میں ہوگا۔ آسٹریلیا پوائنٹس ٹیبل پر 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے تاہم آسٹریلیا نے ابھی چار میچز کھیلے ہیں اور اس کے پانچ میچ باقی ہیں۔
پاکستان کے اب چار میچ باقی بچے اور اگر پاکستان یہ تمام جیت جاتا ہے تو اسکے زیادہ سے زیادہ ممکنہ پوائنٹس 12 ہوجائیں گے۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقا، 31 اکتوبر کو بنگلا دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔
پوائنٹس ٹیبل کو دیکھا جائے تو بھارت 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور جنوبی افریقا 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اور بھارت اپنے پانچ پانچ میچز کھیل چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقا اپنا پانچواں میچ آج بنگلا دیش کیخلاف کھیل رہا ہے۔
اگر آسٹریلیا اپنے باقی میچوں میں سے صرف ایک میچ ہارتا ہے اور چار میں کامیاب ہوتا ہے تو پاکستان کے اگلے تمام میچز جیتنے کی صورت میں دونوں کے پوائنٹس 12، 12 ہوجائیں گے اور رن ریٹ کی بنیاد پر دونوں میں سے کوئی ایک سیمی فائنل میں جائے گا لیکن اگر آسٹریلیا دو میچز ہارتا اور اور پاکستان تمام میچز جیت جاتا ہے تو پاکستان سیمی فائنل میں کوالیفائی کرجائے گا۔