احمد آباد(سی این پی)آئی سی سی ورلڈکپ کے 23 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو 149 رنز سے شکست دے دی۔وانکھیڈے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا کے 383 رنز کے تعاقب میں بنگلا دیش کی ٹیم 46.4 اوورز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ محمود اللہ 111 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی اننگز کا آغاز تنزید حسن اور لٹن داس نے کیا۔
جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کے خلاف 5 وکٹوں کے نقصان پر 382 رنز بنائے اور تمام اوورز کھیلے۔ جنوبی افریقی اوپنرز ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، راسی وین ڈیر ڈوسن 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان ایڈن مارکرم 60، ریزا ہینڈرکس ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔چوتھی وکٹ کی شراکت میں کوئنٹن ڈی کوک اور ہینرک کلاسن نے 264 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ڈی کوک ڈبل سینچری اسکور کرنے سے قاصر رہے۔انہوں نے 140 گیندوں پر 7 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 174 رنز کی اننگز کھیلی۔ ہینرک کلاسن نے 90 رنز بنائے، جبکہ ڈیوڈ ملر 34 اور مارکو جینسن ایک رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 2 جبکہ مہدی حسن، شرف الاسلام اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان ایڈن مارکرم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ میں کامیابی سمیٹ کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے لونگی نگیڈی کو آرام کروایا گیا ہے جبکہ انکی جگہ جانسن کو پلئینگ الیون میں جگہ دی گئی ہے۔اس موقع پر بنگلادیشی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن نے کہا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے تاہم کوشش ہوگی میچ میں فتح سمیٹیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے توحید ہردوئے کو آرام کروایا گیا ہے۔