قومی ٹیم کی شاندار بائولنگ اور بیٹنگ،بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

کولکتہ(سی این پی)پاکستانی قومی ٹیم نے شاندار بائولنگ اور بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دیدی ۔تفصیل کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 31ویں میچ میں پاکستان نے باؤلرز اور اوپننگ بلے بازوں کے عمدہ کھیل کی بدولت بنگلہ دیش کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کیلئے امید قائم کر دی،پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے تنزید حسن کو چلتا کردیا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ میں اپنا 100واں شکار کر لیا۔بنگلہ دیش کو جلد ہی دوسرا نقصان اٹھانا پڑا اور شاہین نے پاکستانی ٹیم کو دوسری وکٹ دلاتے ہوئے نجم الحسن شانتو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔اسکور 23 تک پہنچا ہی تھا کہ حارث رؤف کو باؤلنگ پر لایا گیا جن کا بنگلہ دیشی بلے بازوں نے تین چوکے لگا کر استقبال کیا لیکن اسی اوور میں حارث نے تجربہ کار مشفیق کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔23 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد محمواللہ کو اوپری نمبروں پر ترقی دیتے ہوئے لٹن داس کا ساتھ دینے کے لیے بھیجا گیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت قائم کی۔محموداللہ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن شاہین نے باؤلنگ پر آتے ہی ان کی پیش قدمی روکتے ہوئے 56 رنز پر چلتا کردیا۔پاکستان کو جلد ہی چھٹی کامیابی ملی جب اسامہ میر کو چھکا لگانے کے بعد اگلی ہی گیند پر توحید ہری دوئے سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔140 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب کا ساتھ دینے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں نے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 185 تک پہنچادیا۔اس کے بعد بابر اعظم فاسٹ باؤلر وسیم جونیئر کو گیند تھمائی جنہوں نے اپنی اگلی 7 گیندوں پر آخری تینوں وکٹیں لے کر بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط 204 رنز پر لپیٹ دی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین اور وسیم نے تین، تین جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیشی تنزید حسن کو آؤٹ کرکے شاہین شاہ آفریدی کم ترین میچوں میں 100 وکٹیں لینے فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل پاکستان کی نئی اوپننگ جوڑی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیشی باؤلرز کو بے بس کردیا اور وکٹ لینے سے باز رکھا۔دونوں کھلاڑیوں بالخصوص فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور سنچری شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی 22 ویں اوورز میں ملی جب مہدی حسن میراز کی گیند کو کھیلنے میں ناکامی پر عبداللہ کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، انہوں نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔بابر اعظم اس میچ میں بھی جدوجہد کرتے نظر آئے اور ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مہدی کی دوسری وکٹ بن گئے۔فخر زمان نے بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف لاٹھی چارج جاری رکھا لیکن 81 رنز کی اننگز کھینے والے اوپنر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، ان کی اس اننگز میں 7 فلک بوس چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔قومی ٹیم نے 33ویں اوور کی تیسری گیند پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی اور اس کے ساتھ ہی عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی موہوم امیدوں کو بھی زندہ رکھا۔بنگلہ دیش کی جانب سے تینوں وکٹیں مہدی حسن میراز نے حاصل کیں۔فخر زمان کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔