ممبئی (سی این پی)آسٹریلوی ٹیم کے میکسویل نے شاندار ڈبل سنچری کرتے ہوئے افغانستان کے جبڑے سے فتح چھین لی،گلین میکسویل کی شاندار اننگ کی بدولت آسٹریلیا نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں آسٹریلیا نے 292 رنز کا ہدف 47ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔آسٹریلوی بیٹنگ لائن افغانستان کے خلاف اننگ کے شروع سے مشکلات کا شکار رہی اور 91 رنز پر 7 وکٹیں گنوا بیٹھی۔آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ بالترتیب 18 اور صفر رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مچل مارش 24 اور مارنس لبوشین 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ جوش انگلس 0، مارکس اسٹوئنس 6 اور مچل اسٹارک 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔اننگ کی کمان گلین میکسویل اور کپتان پیٹ کمنز نے سنبھالی اور آٹھویں وکٹ پر ریکارڈ 202 رنز کی شراکت قائم کی۔گلین میکسویل نے 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 128 گیندوں پر ناقابلِ شکست 201 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ کپتان پیٹ کمنز نے 68 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ہدف کے تعاقب میں میکسویل کا بھرپور ساتھ دیا۔نوین الحق، عظمت اللہ عمر زئی اور راشد خان نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز اسکور کیے۔افغانستان کے اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے صرف ابراہیم زردارن نے ٹیم کو سہارا دیا جس میں کچھ حصہ راشد خان نے بھی شامل کیا۔افغان اوپنر رحمان اللہ گربار 21 جبکہ رحمت شاہ 30 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، دیگر کھلاڑیوں میں کپتان حشمت اللہ شاہدی 26، عظمت عمرزئی 22، محمد نبی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ابراہیم زردان نے سب سے زیادہ 126 رنز اسکور کیے اور ورلڈ کپ میں سنچری بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔ انہوں ںے 143 گیندیں، 8 چوکے اور تین چھکے لگائے، راشد خان نے 35 رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح افغان ٹیم نے 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر آسٹریلیا کے خلاف 291 رنز اسکور کیے۔جوش ہیزل ووڈ نے 2 جبکہ مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔