روم، اٹلی(سی این پی) اٹلی کے فٹ بال کلب اور فرانس کے قومی کھلاڑی پال پوگبا پر ڈوپنگ مثبت آنے پر 4 سال کی پابندی عائد کردی گئی۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اٹلی کے میڈیا نے بتایا کہ پوگبا پر ڈوپنگ کے جرم میں رواں سیزن کے شروع میں 4 سال کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم وہ کھیلوں کی ثالثی عدالت میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کھیلوں کے پروسیکیوٹر کی اپیل پر پوگبا پر چار سال کی پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم فرانسیسی کھلاڑی پابندی کے خلاف اپیل کریں گے۔
اٹلی کے کلب جووینٹس نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم ذرائع نے تصدیق کی کہ کلب کو اس فیصلے کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا تھا اور اگلے لائحہ عمل کے لیے جائزہ لیا جائے گا۔
جووینٹس کے 30 سالہ فٹ بالر نے کسی جرم کے ارتکاب سے انکار کیا جبکہ ان کا کلب کے ساتھ معاہدہ جون 2026 تک ہے۔
پوگبا نے بیان میں کہا کہ مجھے آج ہی ٹریبیونل نیزیونیل اینٹی ڈوپنگ (نیڈو اٹالیا) کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے اور ان کا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ درست نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں افسردہ، پریشان اور دل گرفتہ ہوں کیونکہ میں اپنے پروفیشنل کیریئر میں جو کچھ حاصل کرچکا ہوں وہ مجھ سے لے لیا گیا ہے۔
فرانسیسی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ آج سنائے گئے فیصلے کے خلاف میں کھیلوں کی ثالثی عدالت کے سامنے اپیل کروں گا۔
اٹلی کی قومی اینٹی ڈوپنگ آرگنائزیشن (نیڈو اٹالیا) نے پوگبا کے کیس پر پرائیویسی کا حوالہ دیتے ہوئے بیان دینے سے گریز کیا۔