انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز 0-2 سے جیت لی

لندن(سپورٹس رپورٹر) انگلینڈ نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کا 158 رنز کا ہدف انگلینڈ نے 15.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔انگلینڈ کی طرف سے فل سالٹ 45، جوز بٹلر 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ول جیکس نے 20، جونی برسٹو نے 28، اور ہیری بروک نے 17 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے تینوں وکٹیں حارث رؤف نے حاصل کیں۔

قبل ازیں انگلینڈ نے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.5 اوورز میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی طرف سے عثمان خان 38، بابراعظم 36، محمد رضوان 23 اور افتخار احمد 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم شاہ نے 16 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے۔

فخر زمان صرف 9 رنز بناسکے، شاداب خان، اعظم خان اور شاہین آفریدی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔انگلینڈ کی طرف سے لیام لیونگسٹون، مارک ووڈ اور عادل رشید نے 2، 2، معین علی، جوفرا آرچر اور کرس جورڈن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کے باعث کچھ دیر کیلئے میچ روکا گیا تھا جو تقریباً 12 منٹ بعد دوبارہ شروع ہوگیا، میچ روکے جانے سے قبل پاکستان نے 10.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنالیے تھے۔

یاد رہے کہ چار میچز پر مشتمل سیریز کے دو میچز بارش کے باعث منسوخ ہوئے تھے، 22 مئی کو لیڈز میں ہونے والا سیریز کا پہلا میچ جبکہ 28 مئی کو کارڈف میں ہونے والا تیسرا ٹی ٹوئنٹی بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا، 25 مئی کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔