ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے دی

برمنگھم(سپورٹس ڈیسک) ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان چیمپئن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔ جواب میں بھارت نے 157 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔

پاکستان کی طرف سے شعیب ملک 41، کامران اکمل 24، صہیب مقصود 21، رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔شرجیل خان نے 12، یونس خان اور عامر یامین نے 7، 7 رنز اسکور کیے۔ مصباح الحق 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ریاٹئرڈ ہوئے۔ شاہد آفریدی 4 اور سہیل تنویر 19 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی طرف سے انوریت سنگھ نے 3، عرفان پٹھان، پون نگی، اور ونے کمار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے امباتی رایودو نے نصف سنچری اسکور کی، گرکیرت سنگھ مان 34 اور یوسف پٹھان 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ روبن اتھاپا نے 10 اور سریش رائنا نے 4 رنز اسکور کیے۔ یووراج سنگھ 15 اور عرفان پٹھان 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی طرف سے عامر یامین 2، سعید اجمل، وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔