پی ایس ایل کی طرز پر پہلی بار ہاکی لیگ کروانے کا فیصلہ

کراچی(سپورٹس نیوز) حکومت نے پاکستان سپر لیگ کی طرز پر پاکستان میں پہلی بار ہاکی لیگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے جو رواں سال دسمبر میں ہوگی۔

وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے رواں سال دسمبر میں پی ایس ایل کی طرز پر ہاکی لیگ کے انعقاد کی خوشخبری سنائی۔

اوزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق ملک میں قومی کھیل کو فروغ دے رہے ہیں، ملک میں ادارہ جاتی کھیلوں کو بحال کیا، جبکہ کھلاڑیوں کی فلاح و بہود کیلئے اسپورٹس فنڈ بھی قائم کررہے ہیں۔

چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ مناسب تربیت نہ ہونے کی وجہ سے شاہین شاہ آفریدی،نسیم شاہ اور ایتھلیٹ ارشد نسیم جیسے کھلاڑی اچانک ان فٹ ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے کے فیصلے کا علم نہیں، پاکستان 15 ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی بھرپور انداز میں میزبانی کرے گا،شرکت کا فیصلہ بھارت نے خود کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے حکم کے مطابق ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال نہ کرنے والے اداروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی،ملک میں پہلی اسپورٹس یونیورسٹی اورای سپورٹس فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے

ہاکی سمیت کھیلوں کے حوالے سے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے،پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن میں اچھے لوگ سامنے لائیں گے، جدید ٹیکنالوجی نہ ہونے کے سبب ہمارے کھلاڑیوں کے ان فٹ ہونے کا تاخیر سے علم ہوتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں بائیو میکنیکس لیب کے قیام سے پاکستان اسپورٹس کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا

اگلے سال 23 اپریل سےشروع ہونے والے ساؤتھ ایشین گیمز کی بھرپور انداز میں میزبانی کریں گے، ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس ٹیموں کی بحالی کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ اسپورٹس انفرااسٹرکچر کے بہتر بنانے کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت فنڈنگ کی جائے گی،کھیلوں میں دنیا کا مقابلہ کرنے کے لیے ماڈرن ٹیکنالوجی کو اختیار کرنا ہوگا