ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی؛ پاکستان نے جاپان کو ہرا دیا

ہولن: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں پہلی فتح حاصل کی۔ چین کے شہر ہولن بیئر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی درج کی۔ گرین شرٹس کی جانب سے ندیم احمد نے پہلے کوارٹر میں گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی، لیکن جاپان نے دوسرے کوارٹر میں میچ برابر کر دیا۔ دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں سفیان خان نے ایک اور گول کر کے پاکستان کو دوبارہ برتری فراہم کی، جو میچ کے اختتام تک قائم رہی۔ اس سے پہلے قومی ٹیم ایونٹ میں ابتدائی دو میچز ڈرا کر چکی تھی، جہاں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف 2-2 اور ملائیشیا کے خلاف بھی 2-2 سے میچ برابر کیا تھا۔ قومی ٹیم ایونٹ میں 12 ستمبر کو چین اور 14 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔