پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقہ کے خلاف آنے والی ہوم ٹی20 سیریز سے قبل خواتین کرکٹرز کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ قومی تربیتی کیمپوں میں شریک ویمنز کرکٹرز کے یومیہ الاؤنسز بند کر دے گا، جس سے کھلاڑیوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
یہ فیصلہ سیریز کے آغاز سے محض ایک دن قبل کیا گیا، جس سے یہ اندیشہ پیدا ہو گیا ہے کہ اس کا ویمن کرکٹرز کی کارکردگی پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔
پی سی بی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یومیہ الاؤنسز کی عدم فراہمی کی وجہ یہ ہے کہ بورڈ کھلاڑیوں کو رہائش اور دن بھر تین وقت کا کھانا فراہم کر رہا ہے۔
تاہم، یہ دلچسپ بات ہے کہ مرد کرکٹرز کو رہائش، یومیہ الاؤنس، اور دن میں دو وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
سابق کرکٹرز نے پی سی بی کی اس پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ چند لاکھ روپے کی بچت سے بورڈ کو کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا، لیکن اس سے کھلاڑیوں کی ناراضگی بڑھ رہی ہے۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے ہوگا، اور اس دوران خواتین کرکٹرز کو یومیہ الاؤنس کی فراہمی دوبارہ شروع ہو جائے گی۔