ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان کا 8سال بعد کانسی کا تمغہ

بیجنگ: پاکستان نے جنوبی کوریا کو تیسری پوزیشن کے میچ میں شکست دے کر 8 سال بعد ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کر لیا۔

پاکستانی ٹیم نے جنوبی کوریا کو 2-5 سے زیر کیا، جس میں سفیان خان اور حنان شاند نے دو دو گول کیے، جبکہ رومان خان نے ایک گول داغا۔ سفیان خان نے دو گول کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

یاد رہے کہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کو میزبان چین کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جہاں چین نے پنالٹی شوٹس پر پاکستان کو صفر-2 سے شکست دی تھی۔

دوسری طرف، فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے ایف آئی ایچ اسٹارز ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کیا ہے، جس میں رائزنگ اسٹار پلیئر کی کیٹیگری میں پاکستان کے سفیان خان کا نام بھی شامل ہے۔ یہ نامزدگیاں ماہرین کی رائے کے بعد کی گئی ہیں۔