ملتان ٹیسٹ کا چوتھا دن؛ انگلینڈ کیخلاف پاکستان کے 6 وکٹوں پر 152 رنز

ملتان ۔ملتان ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے چوتھے دن کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کو انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 115 رنز درکار ہیں۔ملتان ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے 492 رنز 3 وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ کھیل کے دوسرے سیشن میں پاکستان کو جو روٹ کی وکٹ ملی، جن کا کیچ بابراعظم نے 186 رنز پر ڈراپ کیا۔انگلش بیٹرز نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 454 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ قائم کی۔ جو روٹ 262 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے شامل تھے۔ ہیری بروک نے 317 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں انہوں نے 29 چوکے اور 3 چھکے مارے۔ جیمی اسمتھ 31 اور گس ایٹکنسن 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ کرس ووکس 6 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 823 رنز بناکر ڈکلئیر کی، جس کے ساتھ انہوں نے پاکستان پر 267 رنز کی برتری حاصل کی۔چوتھے دن پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 2، جبکہ آغا سلمان اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دوسری اننگز میں پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز ہوا تو عبداللہ شفیق صفر پر آؤٹ ہوئے۔ بعد میں کپتان شان مسعود 11، بابراعظم 5، صائم ایوب 25، محمد رضوان 10 اور سعود شکیل 29 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔چوتھے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنا لیے ہیں، اور انگلینڈ کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 115 رنز درکار ہیں۔ اس وقت کریز پر سلمان آغا اور عامر جمال بالترتیب 41 اور 27 رنز بناکر موجود ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن اور بریڈن کرس نے دو، دو جبکہ کرس ووکس اور جیک لیچ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل تیسرے روز انگلینڈ نے 96 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا، تو زیک کرولی 78 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ اور بین ڈکٹ نے 136 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن ڈکٹ 84 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔کھیل کے اختتام پر جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ موجود تھے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 243 رنز جوڑے، جبکہ پاکستان کے خسارے کو ختم کرنے کے لیے انگلینڈ کو 64 رنز درکار تھے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 96 رنز بنائے تھے، اور انہیں پاکستان کے خسارے کو ختم کرنے کے لیے مزید 460 رنز درکار تھے۔انگلینڈ کے اولی پوپ صفر پر نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے، جبکہ زیک کرولی 64 اور جو روٹ 32 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے 556 رنز بناکر آؤٹ ہوا، آغا سلمان 104 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ آج گرنے والی پہلی وکٹ نسیم شاہ کی تھی، جو 33 رنز بناکر پویلین لوٹے، جبکہ محمد رضوان صفر، عامر جمال 7، شاہین شاہ آفریدی 26، ابرار حمد 3 اور سعود شکیل 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3، گس ایٹکنسن اور بریڈن کرس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شعیب بشیر اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ لی۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 86 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 102 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ شان مسعود 151 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا، جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔