صائم ایوب ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کیلئے نامزد

لاہور۔پاکستان کے نوجوان اور جارح مزاج اوپنر صائم ایوب کو آئی سی سی مینز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔ صائم نے دورہ آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 9 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں 3 سنچریاں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 515 رنز اسکور کیے۔

ان کے علاوہ انگلینڈ کے گس ایٹکنسن، سری لنکا کے کمیندو مینڈس، اور ویسٹ انڈیز کے شمر جوزف کو بھی اس ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ گس ایٹکنسن نے 11 میچز میں 52 وکٹیں حاصل کیں، کمیندو مینڈس نے 32 میچز میں 1451 رنز اسکور کیے، جبکہ شمر جوزف نے 8 ٹیسٹ میچز میں 29 وکٹیں اپنے نام کیں۔

آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کے تحت سال 2024 میں مختلف کیٹیگریز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو نوازا جائے گا۔ اس سلسلے میں نامزدگیوں کا اعلان 30 دسمبر تک جاری رہے گا، جبکہ 12 کیٹیگریز میں ایوارڈز جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان جنوری کے آخر میں کیا جائے گا۔