ریٹائرمنٹ کی خبروں پر روہت شرما کا رد عمل بھی سامنے آ گیا

جوہانسبرگ۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ وہ صرف آؤٹ آف فارم ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔

روہت شرما نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی ٹیسٹ سے باہر رہنے کا فیصلہ ریٹائرمنٹ کا اشارہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائیک، قلم یا لیپ ٹاپ رکھنے والے لوگ یہ فیصلہ نہیں کر سکتے کہ کسی کھلاڑی کو کب ریٹائر ہونا چاہیے۔ روہت شرما نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے کہ کب کھیلنا ہے اور کب نہیں، اور انہیں یہ فیصلہ کرنے کا پورا حق ہے کیونکہ وہ بالغ ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ میں بھارت کی شکست کے بعد روہت شرما پر شدید تنقید کی جا رہی تھی، کیونکہ اس شکست کے ساتھ بھارت کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے تھے۔

روہت شرما نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میچ سے باہر بیٹھنے کا فیصلہ ریٹائرمنٹ نہیں ہے اور نہ ہی وہ خود کو کرکٹ سے باہر رکھنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی کھیلنے کے لیے تیار ہیں اور اپنی ٹیم کی قیادت کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ روہت شرما اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے، جس کی قیادت جسپریت بمرا نے کی تھی۔ بھارت نے اس میچ میں آسٹریلیا کو 295 رنز سے شکست دی تھی۔ باقی تین میچوں میں روہت شرما نے قیادت کی، جن میں سے دو میچوں میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور ایک میچ بارش کی وجہ سے بغیر نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے تین میچوں میں روہت شرما کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی اور انہوں نے چھ اننگز میں صرف 31 رنز بنائے۔ اس کے باوجود، روہت شرما نے 67 ٹیسٹ میچز میں 12 سینچریوں اور 18 نصف سینچریوں کی مدد سے 4,301 رنز بنائے ہیں۔