بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق ایک نیا تنازع کھڑا کردیا ہے، جس میں طاقت اور اثر و رسوخ کا بھرپور استعمال کیا جا رہا ہے۔
ابتدا میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بنا کر پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کیا، جس کے نتیجے میں چیمپئنز ٹرافی کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کہنے پر ہائبرڈ ماڈل پر منتقل کیا گیا۔ اس دوران پاکستان نے یہ مطالبہ کیا کہ آئندہ ایونٹس کے لیے بھی یہی ماڈل اپنایا جائے، اگر بھارت تعاون نہیں کرتا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اب بھارتی کرکٹ بورڈ نے میزبان ملک “پاکستان” کا نام ٹیم کی جرسی پر درج کرنے پر اعتراض کیا ہے، جو کہ آئی سی سی کے قوانین کے مطابق ایک معمول کی کارروائی ہے۔ اس تنازع نے کرکٹ شائقین کو غصے میں مبتلا کر دیا ہے۔
بھارت ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا، لیکن میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان کا نام جرسی پر ہونا لازمی ہے۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے اس معاملے پر سیاست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔