نوجوان بھارتی بلے باز کی ٹی 20 میں تیز ترین ففٹی، یووراج کا 12 سال پرانا ریکارڈ برابر

نئی دہلی ۔بھارت کے نوجوان بلے باز ابھیشیک شرما نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر یووراج سنگھ کا 12 سال پرانا ریکارڈ برابر کر دیا۔

ایڈن گارڈنز میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں ابھیشیک شرما نے اپنے استاد اور سابق اسٹار یووراج سنگھ کا کارنامہ دہرایا۔ انہوں نے 20 گیندوں پر 50 رنز بنا کر بھارت کے تیز ترین نصف سنچری اسکور کرنے والے بلے بازوں میں جگہ بنا لی۔

میچ کے آغاز میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر جوفرا آرچر نے بھارت کے لیے مشکلات پیدا کیں۔ انہوں نے پہلے اوور میں سوریا کمار یادو کو آؤٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر ابھیشیک شرما کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، لیکن ریویو پر فیصلہ ان کے حق میں آیا۔ اس کے بعد، ابھیشیک نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 34 گیندوں پر 79 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

یہ ابھیشیک کی انگلینڈ کے خلاف دوسری نصف سنچری تھی۔ ان سے قبل یووراج سنگھ نے 2007 کے ٹی 20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کے خلاف 20 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تھی، جو اس وقت ایک ریکارڈ تھا۔

میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 133 رنز کا ہدف دیا، جسے بھارتی ٹیم نے محض 47 گیندیں پہلے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، اور اس فتح میں ابھیشیک کی اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا۔